وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے امریکی پولیٹیکل کونسلر بریڈلے پارکر کی ملاقات

110

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لئے ماحول دوست اقدامات کئے جا رہے ہیں، فوجداری نظام انصاف میں اصلاحات گیم چینجر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو امریکی پولیٹیکل کونسلر بریڈلے پارکر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز بھی موجود تھیں ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور لیگل ایجوکیشن سسٹم کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے فکر مند ہیں اور اس حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تشویشناک صورتحال ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لئے ماحول دوست اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سولر انرجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان میں بہترین قوانین موجود ہیں ان پر عملدرآمد میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، تنازعات کے حل کا متبادل نظام ہمارا کلچر ہے، فوجداری نظام انصاف میں اصلاحات گیم چینجر ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز نے اینٹی ریپ لاء کو نافذ کرنے اور چائلڈ میرج بل کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں باہمی تعاون سے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ امریکی پولیٹیکل کونسلرنے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کیا اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔