وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اسلام آباد بار کونسل کے وفد کی ملاقات

152

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اسلام آباد بار کونسل کے وفد نے منگل کو ملاقات کی۔ وفد میں راجہ علیم خان عباسی وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل، سید قمر حسین شاہ سبزواری چیئرمین ڈسپلنری کمیٹی، ذوالفقار علی عباسی چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی، نصیر احمد کیانی چیئرمین بینوولنٹ فنڈ کمیٹی اور چیئرمین بین الصوبائی بار کونسل ریلیشن کمیٹی عادل عزیز قاضی شامل تھے۔

ملاقات میں بار ووکیشنل ٹریننگ پروگرام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد بار کونسل کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ تربیتی پروگرام نوجوان وکلاءکو تربیت فراہم کرنے کے علاوہ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنائے گا۔

چیئرمین بار کونسل نےوفاقی وزیر کو بتایا کہ اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے اب تک چھ بیجز کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے تربیتی پروگراموں کو مناسب ادارہ جاتی اوراس کی ملکیت اسلام آباد بار کونسل کو منتقل کرنے کی تجویز پیش کی۔