26 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے بیلجیئم کے سفیر...

وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے بیلجیئم کے سفیر کی ملاقات، قانونی و انسانی حقوق کی جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے بیلجیئم کے سفیرایڈس بالڈ وان ڈر گراخت نے ملاقات کی۔ترجمان وزارت قانون وانصاف کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے قانون، انسانی حقوق اور حکمرانی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے آگاہ کیا کہ ملک میں انسانی حقوق سے متعلق خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور ادارہ جاتی ردعمل میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

وزارت انسانی حقوق متعلقہ محکموں اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر قانونی تحفظات کو مضبوط بنانے اور شکایات کے ازالے کے موثر طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔وفاقی وزیر نے حالیہ قانونی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ عام شہریوں کو انصاف تک موثر رسائی فراہم کرنے کے لیے ضابطہ فوجداری (CrPC) میں 110 سے زائد ترامیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات حکومت کے قانونی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جامع و شمولیتی حکمرانی کے عزم کی عکاس ہیں۔وفاقی وزیر نے سفیر کو حال ہی میں نافذ کیے گئے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس کے تحت لڑکے اور لڑکی دونوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔

- Advertisement -

یہ قانون بچوں کے حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دیگر صوبوں میں بھی ایسے ہی قوانین کی حوصلہ افزائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2025 کے نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ اس رپورٹ میں پیش کردہ ڈیٹا زمینی حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتا جس کی بنیادی وجوہات میں طریقہ کار کی خامیاں اور اعداد و شمار جمع کرنے میں پائی جانے والی خلا شامل ہیں۔ اس سلسلے میں وزارت نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز، تحقیقی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ قومی سطح پر ڈیٹا کے فرق کو دور کیا جا سکے اور آئندہ رپورٹنگ کو جامع، مستند اور پیش رفت سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ سزائے موت سے متعلق پالیسی میں ممکنہ تبدیلی پر پارلیمنٹ میں گفتگو جاری ہے جس کے تحت مخصوص جرائم میں سزائے موت کو عمر قید سے تبدیل کرنے کے بل پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام قومی قوانین کو عالمی انسانی حقوق کے ابھرتے ہوئے اصولوں سے ہم آہنگ کرنے کی ریاستی سنجیدگی کا مظہر ہے۔سفیر وان ڈر گراخت نے پاکستان میں جاری قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حال ہی میں نافذ کیے گئے نیشنل کمیشن فار مائنارٹی رائٹس ایکٹ 2025 کا خیرمقدم کیا، جو مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک بااختیار خود مختار ادارے کے قیام کی راہ ہموار کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، کمزور طبقات کے تحفظ اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں میں بیلجیئم کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص انسانی حقوق، قانونی ترقی اور جامع پالیسی اصلاحات کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں