اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف احمد عرفان اسلم سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر نیل ہاکنز نے وزارت قانون و انصاف میں ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آسٹریلیا میں پاکستانی تارکین وطن اور طلباء کی ایک بڑی کمیونٹی ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔
دونوں فریقین نے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر بات کی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ریکو ڈک کیس میں وفاقی وزیر قانون کے کردار کو سراہا۔ دونوں فریقین نے کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر غور کیا۔ نگراں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، کان کنی پاکستان میں ایک اہم صنعت ہے۔ نگراں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان وسیع معدنی ذخائر کے ساتھ وسائل سے مالا مال ہے۔ احمد عرفان اسلم نے پاکستان کو کان کنی کا بڑا ملک بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔