اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد معافی کی پالیسیوں اور انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت ناقابل ضمانت جرائم کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں صوبائی اے آئی جیز جیل،وفاقی سیکرٹری انسانی حقوق اور انسداد منشیات فورس کے نمائندوں سمیت دیگر سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔
بدھ کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد مخصوص قیدیوں کو خصوصی معافی دینے کے امکانات کا جائزہ لینا تھا جس میں عوامی فلاح، انصاف اور قیدیوں کی بحالی کے درمیان توازن برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اصلاحی نقطہ نظر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا جو قیدیوں کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے متاثرین کے حقوق کے تحفظ اور کمیونٹی کی حفاظت کو برقرار رکھے۔
شرکاء نے معافی کے مجوزہ رہنما اصولوں کا جائزہ لیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ منصفانہ، انصاف پر مبنی اور سخت اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہیں، ایک متوازن حکمت عملی اپناتے ہوئے جس سے بحالی کی ضرورتوں اور متاثرین کے حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کو خصوصی معافی کا جواز نہیں بنایا جانا چاہیے اور یہ کہ ماضی میں اندھا دھند معافی کے عمل سے جرائم میں اضافے اور جیلوں میں مزید گنجائش کے مسائل پیدا ہوئے۔
تجویز دی گئی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اختیارات کا دانشمندانہ استعمال کریں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ صرف حقیقی طور پر توبہ کرنے والے یا مشکل حالات سے گزرنے والے قیدی اس سے مستفید ہوں۔وفاقی وزیر نے طویل مدتی بحالی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سیکرٹری انسانی حقوق کو ہدایت دی کہ وہ مستحق قیدیوں کی بحالی اور سماجی انضمام پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیں۔
اس کمیٹی میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور سیکرٹری صحت کو شامل کیا جائے گا جس سے ایک جامع حکمت عملی اختیار کی جائے گی جو اصلاحی نگرانی کو صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے ساتھ مربوط کرے گی۔ کمیٹی قیدیوں کو معاشرے میں دوبارہ شامل کرنے اور ان کے دوبارہ جرم کرنے کی شرح کو کم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔وفاقی وزیر نے مزید زور دیا کہ معافی کی پالیسیاں انصاف اور قیدیوں کی بحالی کے مواقع کے درمیان توازن کو برقرار رکھیں۔ یہ پالیسیاں حقیقی اصلاح کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کی جانی چاہئیں جبکہ انصاف اور معاشرتی تحفظ کے اصولوں کو یقینی بنائیں۔