اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ایڈن ہاﺅسنگ سکیم کے 7611 متاثرین نے 11 ارب روپے کے کلیمز جمع کرائے ہیں جبکہ ملزمان کے اثاثہ جات نیب نے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر محمد طاہر بزنجو کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایڈن ہاﺅسنگ اینڈ ڈویلپر سوسائٹی کی انتظامیہ و دیگر کے خلاف 11 جنوری 2018ءمیں تفتیش شروع کی گئی، ملزمان ڈاکٹر محمد امجد، انجم امجد، مرتضیٰ امجد اور مصطفی امجد تفتیش کے لئے پیش نہیں ہوئے، 12 ستمبر 2018ءکو احتساب عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا، ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد نیب 20 جون 2018ءکو منجمد کر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈن ہاﺅسنگ سکیم کے 7611 متاثرین نے 11 ارب روپے کے کلیمز جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دیوانی و فوجداری مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے قانون سازی پر کام کر رہی ہے، ایوان کو اس حوالے سے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے ایوان بالا کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کمیشن برائے قانون و انصاف سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں 39 ہزار 742، لاہور ہائی کورٹ میں ایک لاکھ 65 ہزار 800، سندھ ہائی کورٹ میں 91 ہزار 548، پشاور ہائی کورٹ میں 29 ہزار 444، بلوچستان ہائی کورٹ 6 ہزار 852 اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں 17 ہزار 56 مقدمات زیر التواءہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=126020