وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین طاہر نصراللہ وڑائچ کی ملاقات

75

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے جمعرات کو پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین طاہر نصراللہ وڑائچ نے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں بار کونسل کے آئندہ انتخابات، اہلیت کے معیار اور بار کونسل انتخابات کی اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر قانون نے اس بات پر زور دیا کہ بار کونسل کے انتخابات مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے اور اہلیت کے معیار کے حوالے سے جو اتفاق رائے قائم ہے

اسے برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیشہ ور (پروفیشنل) وکلاء کی حوصلہ افزائی اور غیر پیشہ ور (نان پروفیشنل) وکلاء کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے بار کونسل کی دی گئی تجاویز کو بل کا حصہ بنایا جائے گا۔وزیر قانون نے وائس چیئرمین کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں اپنی تحریری تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ۔قانونی تعلیم کے فروغ اور بار کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے گرانٹ ان ایڈ جاری کی گئی ۔ وفاقی وزیر قانون وانصاف اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے حکومت پر عزم ہے ۔