وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت اینٹی کرپشن ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس

93
ایف آئی اے کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کے لئے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہو گی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر گفتگو

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت وزارت قانون میں انسداد بدعنوانی ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو یہاں منعقدہ اجلاس میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، ایف ایم یو، سی سی پی اور فنانس ڈویژن سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر شراکتداروں سے معلومات حاصل کی گئیں۔ اجلاس کے دوران تمام نمائندوں نے مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے قیمتی تجاویز کا اشتراک کیا۔ وفاقی وزیر قانون نے اجتماعی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ 20 مارچ تک اپنی تجاویز پیش کریں تاکہ ایک جامع فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔

وزیر قانون نے قوانین اور پالیسیوں کے مسودہ کے علاوہ رویے میں تبدیلی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ اجلاس میں مالیاتی بدعنوانی سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے استعداد کار میں اضافہ کے پروگرام اور محکموں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق رائے کیا گیا جبکہ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ایجنسیوں کے درمیان تعاون اور ایک متفقہ نقطہ نظر کو اہم عناصر کے طور پر شناخت کیا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ اجلاس مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خلاف جنگ میں ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔