وفاقی وزیر قانون و انصاف نے’کریمنل لاءریفارمز‘ کے مسودے کو جلدازجلد حتمی شکل دینے کے لئے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون وانصاف کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی

46

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے’کریمنل لاءریفارمز‘ کے مسودے کو جلدازجلد حتمی شکل دینے کے لئے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون وانصاف بیرسٹر ملیکا بخاری کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ذیلی کمیٹی وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ڈیڈلائن کے اندر اندر کریمنل لاءریفارمز کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لئے کام کرے گی۔وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم کی زیرصدارت منگل کو فوجداری اصلاحات سے متعلق قائم ٹاسک فورس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ، بیرسٹر ملیکا بخاری کے علاوہ سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر اور وزارت داخلہ و محکمہ داخلہ پنجاب کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کے نمائندوں کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاکہ آئینی اصلاحات سے متعلق بلائے گئے اجلاس میں جن صوبوں کے نمائندے شرکت نہیں کر رہے، مسودوں کی حتمی تیاری کے بعد کسی بھی صوبے کے اعتراض کو قبول نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر قانون نے ہدایت کی کہ صوبوں کی آراءکے حصول کے لئے صوبائی پراسیکیوٹرز جنرل، محکمہ داخلہ اور پولیس حکام کو فوری نوٹس جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ آئینی مسودے کو بروقت حتمی شکل دینے کے لئے ہر صوبے سے مستقل نمائندے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔