31.6 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر قومی صحت خدمات ڈاکٹر عامر محمود کیانی کا پریس کانفرنس...

وفاقی وزیر قومی صحت خدمات ڈاکٹر عامر محمود کیانی کا پریس کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر قومی صحت خدمات ڈاکٹر عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے، صحت انصاف کارڈ رکھنے والے ہر خاندان کو سالانہ علاج معالجہ کی سہولت کےلئے 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی انشورنس کی سہولت حاصل ہو گی۔ پیر کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2020ءکے اختتام تک انصاف صحت کارڈ کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ میں ہارٹ کی سرجری، سٹنٹس، زچہ بچہ، ایمرجنسی اور تمام بیماریوں کا علاج ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی حکومت نے غریبوں کو اتنی بڑی سہولت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کارڈوں کی چھپائی 20 فروری سے شروع ہو گی اور ہر روز ایک لاکھ کارڈ چھاپے جائیں گے، تین ماہ میں ایک کروڑ پاکستانیوں کو کارڈ جاری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ غریبوں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے وزیراعظم کی جانب سے ہم پر بہت دباﺅ ہے، پالیسی بنانے میں وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان میں 18 سال سے کم عمر کے ب فارم پر موجود تمام بچے علاج کی سہولت حاصل کریں گے، صحت انصاف کارڈ کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعداد و شمار استعمال کئے جا رہے ہیں جبکہ اس کے لئے نادرا سے معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس کے لئے بولی کے بعد سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا انتخاب کیا گیا۔ عامر کیانی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پانچ سال سے صحت انصاف کارڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، وہاں سے ہمیں بہت تجربہ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں تین نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں، سعودی عرب کے ولی عہد پاکستان آ کر ایک ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف شہریوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کارڈ کے لئے ڈالر۔1، ڈالر۔2 اور ڈالر۔3 کی تین کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کے لئے انشورنس کمپنی کو 800 ملین روپے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ دو ارب آئندہ ہفتوں میں ٹرانسفر کر دیئے جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے انہیں خود مختار باڈی بنایا جا رہا ہے جس کے لئے ڈرافٹ تیار کر کے لاءڈویژن سے ویٹ کرا لیا گیا ہے اور آئندہ 15 سے 20 دنوں میں کابینہ سے منظور کرا لیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھر کے عوام کو خصوصی طور پر وفاقی حکومت صحت انصاف کارڈ جاری کرے گی اور اس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورکنگ کلاس، صحافیوں، وکیلوں اور دیگر کو بھی ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے جبکہ تنخواہ دار طبقہ جن کی تنخواہ 75 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ کے درمیان ہے، کو ہیلتھ جاری ہوں گے جس کے پریمیئم کی کم سے کم رقم وہ خود ادا کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=132940

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں