اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد ملک میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لے کر ان میں تیزی لانا تھا۔ اس موقع پر وزارت کے سینئر افسران، صوبائی محکمہ ہائے زراعت کے نمائندگان، تحقیقی ماہرین اور کپاس پیدا کرنے والے اہم علاقوں سے تعلق رکھنے والے فریقین نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کپاس پاکستان کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملکی ٹیکسٹائل صنعت کے لیے خام مال کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس رجحان کو روکنے کے لیے مربوط اور ہدفی حکمت عملی اپنانے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کپاس کی پیداوار میں بہتری کے لیے کسان دوست پالیسیوں، تحقیق پر مبنی حل اور زرعی خدمات کی بہتری کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار نہ صرف ملکی معیشت بلکہ دیہی علاقوں میں کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے معیاری بیج اور کیمیکل کی بروقت فراہمی، کیڑوں پر موثر کنٹرول، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کے فروغ اور کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے زرعی توسیعی خدمات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے درکار پالیسی اقدامات اور سائنسی ٹیکنالوجی کو جلد از جلد بروئے کار لایا جائے تاکہ کسانوں کو بہتر نتائج مل سکیں۔
اجلاس کے دوران کپاس کی کاشت، پیداواری مسائل اور جدید زرعی طریقوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کاشت کے موسم سے قبل تمام صوبوں کی مشاورت سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا تاکہ اس کی موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کپاس پاکستان کے لیے ایک سٹریٹجک فصل کی حیثیت رکھتی ہے جس کی ترقی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے مابین موثر تعاون، وسائل کا بہتر استعمال اور کسانوں کو منڈی سے جوڑنے کے لیے مضبوط پالیسی فریم ورک تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت کسانوں کو درپیش مسائل کے حل اور کپاس کی معیشت کی بحالی میں اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔