24.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان نیشنل...

وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں مون سون شجر کاری مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کے سبز اور پائیدار پاکستان کے وژن کے تحت وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں مون سون شجر کاری مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ مہم وزیراعظم کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے جس کے تحت ملک بھر میں لاکھوں درخت لگائے جائیں گے تاکہ پاکستان کے سبز رقبے میں اضافہ کیا جا سکے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے اور دیرپا پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے اس امر پر زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی عصرِ حاضر کے سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے۔

انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کیونکہ یہ ملک کے ماحولیاتی مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ اس موقع پر سکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی جو نوجوان نسل کے ماحولیاتی تحفظ میں مرکزی کردار کی علامت ہے۔ مون سون شجر کاری مہم حکومت کے ماحولیاتی ایجنڈے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد نہ صرف جنگلات میں اضافہ ہے بلکہ حیاتیاتی تنوع کی بحالی، فضائی معیار کی بہتری اور عوام کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی بھی ہے۔ وزارت ثقافت و ورثہ نے پی این سی اے اور متعلقہ اداروں کے ہمراہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ان اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو ملک کے ثقافتی، سماجی اور ماحولیاتی ڈھانچے کو مضبوط بناتے ہیں۔

- Advertisement -

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں