اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)،نیشنل ہیریٹیج و کلچر ڈویژن کے زیرِ اہتمام دو اہم نمائشوں ’’استاد بشیرالدین – اے رسٹرینڈ گریس‘‘ اور ’’بلیڈنگ بارڈرز‘‘ کا شاندار افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت مسٹر اورنگزیب خان کھچی تھے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں میں مسٹر ڈینیئل آرسنلٹ، پولیٹیکل، اکنامک و کلچرل کاؤنسلر کینیڈین ہائی کمیشن، اور مسٹر ژاں شارل ایلرڈ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن فرانسیسی سفارت خانہ بھی شریک تھے۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی، متعدد سفارتکاروں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔یہ نمائشیں ممتاز کیوریٹر عاصم اختر نے ترتیب دی ہیں۔ تقریب کا آغاز ایک پینل ڈسکشن سے ہوا جس میں مسٹر امین رحمن، عارف حسن اخوندزادہ اور سلمان آصف نے بطور پینلسٹ شرکت کی جبکہ نظامت عاصم اختر نے کی۔ اس گفتگو نے فنکاروں اور شائقینِ فن کو موضوعات اور تخلیقی محرکات پر بامعنی مکالمے کا موقع فراہم کیا۔استاد بشیرالدین – اے رسٹرینڈ گریس‘‘ میں استاد بشیرالدین کے نادر فن پارے، ڈرائنگز اور تاریخی مواد شامل ہیں۔
استاد بشیرالدین (1922–1997) قصور، پنجاب میں پیدا ہوئے اور میو اسکول آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اسی ادارے اور نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں 1953 سے 1982 تک تدریس کرتے رہے۔ وہ واش پینٹنگ اور ڈرائنگ کے ماہر تھے اور کئی نسلوں کے فنکاروں اور ڈیزائنرز کو تربیت دی۔ اس نمائش میں ان کے چالیس فن پارے پہلی مرتبہ نمائش کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں، جس کے ساتھ سلمیٰ ہاشمی، عاصم اختر اور زہرین مرتضیٰ کے تحقیقی مضامین پر مشتمل کیٹلاگ بھی شامل ہے۔دوسری گیلری میں استاد بشیرالدین کے صاحبزادے امین رحمن کی معاصر نمائش ’’بلیڈنگ بارڈرز‘‘ پیش کی گئی ہے۔ امین رحمن کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مقیم ہیں۔ انہوں نے قدیم تجارتی راستوں اور خطے کی سرحدی زندگی پر تحقیق کی اور اپنی تخلیقات میں بھارت، ایران اور افغانستان کے ساتھ جڑی سرحدی کہانیوں کو اجاگر کیا۔ ان کے فن پارے تاریخ، نوآبادیاتی ورثے، ہجرت، معاشی و سماجی روابط اور سرحدی زندگی کے کٹھن حالات کو روشنی میں لاتے ہیں۔ اس نمائش میں چالیس مخلوط میڈیا فن پارے بشمول نیون سائن اور ویڈیو پروجیکشن شامل ہیں۔ اس حصے کے لیے کیٹلاگ میں ڈاکٹر لی راڈنی، منار ابو توق، وردہ نصیر، عاصم اختر اور زہرین مرتضیٰ کے مضامین شامل ہیں۔یہ دونوں نمائشیں نیشنل آرٹ گیلری اسلام آباد میں 12 ستمبر 2025ء تک جاری رہیں گی۔ ہفتہ کو تعطیل ہوگی۔