وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے ہچیسن پورٹس کےاعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ، پاکستان کے بحری شعبے میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

128

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ سے ہچیسن پورٹس کےاعلیٰ سطحی وفد نے منیجنگ ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و افریقہ ڈویژن کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری وزارت بحری امور ظفر علی شاہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں 1 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا گیا۔ہچیسن کے مینیجنگ ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و افریقہ ڈویژن اینڈی سوئی کے ساتھ کنٹری ایڈوائزر برائے ہچیسن پورٹس پاکستان کیپٹن راشد جمیل اور بزنس ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ و افریقہ ڈویژن لیونارڈ فانگ بھی شامل تھے۔

اس منصوبہ میں ابتدائی طور پر 200 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری شامل ہے جو پاکستان کی بندرگاہی بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور اسے عالمی تجارت میں نمایاں مقام دلانے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔ سرمایہ کاری کا محور کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ کو جدید آٹومیشن ٹیکنالوجیز کے ذریعے اپ گریڈ کرنا ہے تاکہ آپریشنل کارکردگی میں اضافہ اور ماحول دوست حل متعارف کرایا جا سکے۔اس منصوبے میں برقی اور ریموٹ کنٹرول آلات کا استعمال شامل ہے تاکہ کاربن کے اخراج میں کمی ہو اور حکومت کے پائیدار ترقی کے عزم کی عکاسی ہو۔ہچیسن پورٹس کے منصوبے میں پاکستان کی تجارتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک جدید ترین ڈیپو کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔

جنوبی ویئر ف کے ارد گرد سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے بھی قابل ذکر فنڈنگ کی تجویز دی گئی ہے تاکہ کنٹینرز کی نقل و حرکت کو ہموار بنایا جا سکے اور سپلائی چین کی کارکردگی کو بہتر کیا جا سکے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ شراکت داری پاکستان کے عالمی تجارتی رہنما بننے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ہچیسن پورٹس کا ہمارے اقتصادی امکانات پر اعتماد ہمارے بحری شعبے میں موجود انقلابی مواقع کو اجاگر کرتا ہے۔

ہچیسن پورٹس کے مینیجنگ ڈائریکٹر اینڈی سوئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر اس کے بحری بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔یہ مجوزہ سرمایہ کاری خطے میں تجارت اور لاجسٹکس کو بہتر بنانے کے لیے ہماری طویل مدتی وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔