فیصل آباد ۔ 02 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے چنیوٹ میں 2 نئے پبلک پارکوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا جہاں شہریوں نے بجلی، گیس، صفائی، صحت اور دیگر سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے۔
اس موقع پر واپڈا، سوئی ناردرن گیس، پولیس، بلدیہ اور دیگر وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران بھی موجود تھے جنہیں فوری طور پر مسائل حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں اور مستحق افراد کو مالی امداد اور مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کی گئی
انہوں نے عوام کی ضروریات پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکام کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ قیصر شیخ نے چنیوٹ میں جن دو نئے پارکوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں فاطمہ لیڈیز پارک اور عرفان قیصر شیخ پارک شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پارک صحت مند اور خوشحال زندگی کے مواقع فراہم کریں گے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے۔اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔مزید برآں قیصر احمد شیخ سے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم نے ملاقات کی جس میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے جی سی یو ایف چنیوٹ کیمپس کے افتتاح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کیمپس جلد ہی فعال ہوگا اور علاقے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اپنے اختتامی کلمات میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ عوامی بہبود اور ترقیاتی منصوبے ان کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال شہر بنانے کے لیے ہم مستقل بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون اور حکومتی اقدامات سے ہم اپنے مقاصد حاصل کریں گے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومتی پالیسیوں کی حمایت کریں تاکہ چنیوٹ کو ایک ماڈل شہر بنایا جا سکے۔