چنیوٹ۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے اتوار کوچنیوٹ پریس کلب کا دورہ کیاجہاں چیئرمین چنیوٹ پریس کلب چوہدری لطیف آرائیں ،صدر چنیوٹ پریس کلب عمر سجاد سندھو،سینئر صحافی شیخ جہانگیر چنیوٹی اور دیگر عہدیداران نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے مقامی صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے علاقے کے اہم مسائل پر گفتگو کی۔ ان مسائل میں تعلیم، صحت، سیوریج اور انفراسٹرکچر کے شعبے شامل ہیں، جن کے بارے میں وفاقی وزیر نے اپنی ترجیحات اور جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سینٹرل سیوریج سسٹم کے لیے ورلڈ بینک کاتعاون حاصل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں تاکہ چنیوٹ کے سیوریج کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔
قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ چنیوٹ میں تعلیمی میدان میں ترقی کے لیے حلقہ میں دو یونیورسٹیاں بنائی گئی ہیں ، جلد ہی جی سی یونیورسٹی کے چنیوٹ کیمپس کا باضابطہ افتتاح ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ "صداقت کیئر فاؤنڈیشن” کے نام سے ایک انگلش میڈیم اسکول قائم کیا گیا ہےجبکہ دین کالج چنیوٹ انجمن اسلامیہ کے زیر انتظام چل رہے ہیں تاکہ طلبا کو معیاری تعلیم دی جا سکے۔ انہوں نےآنکھوں کے علاج کے لیے جدید سہولتوں سے مزین ایل آر بی ٹی ہسپتال کے قیام کا ذکر کیاجبکہ سول ہسپتال کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چنیوٹ تافیصل آباد روڈ کی تعمیر سے لوگوں کو فائدہ ہو گا،چنیوٹ ۔رجوعہ ۔
فیصل آباد روڈ کی تعمیرسے فیصل آباد تک کا سفر صرف 40 منٹ میں طے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ کے لیے 29 کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈ منظور کیا گیا ہےجو شہری اور دیہی حلقوں میں یکساں طور پر استعمال ہوگا۔ اس فنڈ سے شہر میں 5 نئے پارک بھی بنائے جا رہے ہیں جبکہ دل خوشاب پارک کی مزید ترقی کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے چنیوٹ کی فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کے لیے بھی اپنے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے اسلامیہ ڈگری کالج میں کرکٹ گراؤنڈ کے لیے 10 لاکھ روپے کی فراہمی کا اعلان کیا ہے
ان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ کی ترقی ان کی ترجیح ہے اور وہ عوام کی خدمت میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان ان کے لیے سب سے پہلے ہے اور ہمیں اس ملک کی بہتری کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے غربت کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کی رفتار تیز ہو رہی ہے اور مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آئی ہے۔چنیوٹ پریس کلب کے دورے کے دوران صحافیوں نے قیصر احمد شیخ کے وژن اور عوامی خدمات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے تمام منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔