اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی بورڈ کی تنظیم نو کی سہولت کار کمیٹی کا دوسرا اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔ کمیٹی اراکین میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان شامل ہیں۔
وزارت بحری امور سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی وزیر اعظم کی ہدایت پر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی بورڈ کی توسیع و تنظیم نو میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ موجودہ بورڈ کے اراکین کی تعداد 6 ہے جبکہ دیگر 5 اراکین کو وفاقی حکومت مجوزہ قانون کے تحت نامزد کرنا ہے۔
اجلاس کو بورڈ اراکین کی فہرست پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر بالخصوص ساحلی علاقوں اور بالعموم تمام صوبوں کی نمائندگی کے پہلو کو مدنظر رکھنے پر زور دیا گیا۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹر کی نامزدگی قانون اور میرٹ کے تحت کی جائے گا، ضروری مشاورت کے بعد حتمی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ وفاقی وزراء نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کےوژن کی روشنی میں شمولیت اور یکساں نمائندگی کے اصول پر عمل پیرا ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=479701