وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کی ملاقات

74

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے وزارت برائے ماحولیاتی تبدیلی کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمشنر نےسینیٹر شیری رحمان کو وزارت ماحولیاتی تبدیلی کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے باہمی تعاون، کوپ 26 میں کئے گئے عزم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے درپیش متعدد مسائل کو اجاگر کیا۔ کرسچن ٹرنر نے وفاقی وزیر سینٹر شیری رحمان کو ڈینمارک میں مئی میں ہونی والی کوپ 27 میں شرکت کی دعوت دی۔ شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کم آلودگی پیدا کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے، عالمی آلودگی میں پاکستان کا حصہ صرف 6 فیصد ہے، باوجود اس کے پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں 5 ویں نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے تکنیکی مدد کی ضرورت ہے، بین الاقوامی سطح پر طے شدہ شراکت کے نفاذ کے لیے وزارت توانائی میں صلاحیت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تعاون درکار ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان موسمیاتی تبدیلی پر دوطرفہ ڈائلاگ کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی تخفیف اور موافقت میں سرمایہ کاری کے لئے برطانیہ کے نجی شعبے کے ساتھ روابط کئے جائیں گے۔ اس موقع پر برطانیہ کی طرف سے واٹر گورننس پر تعاون کی پیشکش کی گئی۔