اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور خاص طور پر ماحولیاتی تحفظ، موسمی ریزیلیئنس اور کاربن آفسٹنگ اور ٹریڈنگ کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر فرہادوف نے آذربائیجان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آذربائیجان تجارت کو پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کا ستون سمجھتا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں گہرے تعاون کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے لئے کاربن آفسٹنگ اور ٹریڈنگ کے شعبے خاص طور پر جنگلات اور منگروو پراجیکٹس کے ذریعے ایک بڑی مارکیٹ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ آذربائیجان ایسے پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے جس سے حاصل ہونے والے کاربن کریڈٹس کو عالمی مارکیٹ میں بیچ کر ابتدائی سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی طور پر قابل عمل سولر انرجی پراجیکٹس میں آذربائیجان کے لیے اہم سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی سبز صنعت پر توجہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف سبز منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کے لیے زرخیز میدان فراہم کرتا ہے جو ایک پائیدار مستقبل بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کو مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی جو دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پائیدار ترقی اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون پر منحصر ہے اور یہ کہ بے شمار مواقع موجود ہیں اور تجارت اور جدت کا ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود کو سبز صنعت کے مرکز کے طور پر قائم کر رہا ہے اور ہم بین الاقوامی شراکت داری کی ترغیب دیتے ہیں تاکہ ایسے منصوبے تیار کیے جا سکیں جو نہ صرف منافع بخش ہوں بلکہ ماحول کے لیے بھی فائدہ مند ہوں۔
یہ آذربائیجان اور پاکستان دونوں کے سرمایہ کاروں کے لیے منفرد سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ سفیر نے ان مواقع کو تلاش کرنے کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ آذربائیجان پاکستان کی پائیدار سرمایہ کاری کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔سفیر فرہادوف نے وزیر کو آگاہ کیا کہ آذربائیجان اب پاکستانیوں کے لیے سب سے پسندیدہ سیاحتی مقامات میں سے ایک بن چکا ہے۔ سفیر نے بتایا کہ 2023 میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری آذربائیجان کا دورہ کرچکے ہیں جو آذربائیجان کی سیاحت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ بڑھتا ہوا سیاحتی رجحان دونوں ممالک کے ثقافتی اور عوامی روابط کی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماوں نے آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور ماحولیاتی استحکام، سبز منصوبوں میں سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592933