اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کونسل بجٹ کے اجلاس کی پہلی نشست وائس چیئرمین اے جے کونسل و صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان کی صدارت میں بدھ کو آزاد جموں و کشمیر کونسل سیکرٹریٹ بلڈنگ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و منسٹر انچارج اے جے کے کونسل چوہدری محمدبرجیس طاہر نے 22 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کامالی بجٹ برائے سال2016-17ءکا بجٹ پیش کیا۔ رواں سال کے بجٹ کا تخمینہ پچھلے سال 2015-16ءکے بجٹ سے تقریباً 715 ملین روپے زیادہ ہے۔ بجٹ میں کل آمدن کا تخمینہ 17 ارب 31 کروڑ روپے ہے جس میں انکم ٹیکس و دیگر ٹیکسز کی مد میں 15 ارب سے زائد وصولیوں کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جو پچھلے مالی سال سے 17 فیصد زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ وصولیوں اور ٹیکس سمیت دیگر ذرائع سے آمدن کا تخمینہ تقریباً 2 ارب روپے ہے۔ پیش کردہ 22 ارب 55 کروڑ روپے کے بجٹ سے 5 ارب سے زائد رقم ترقیاتی کاموں اور تقریباً 2 ارب سے زائد رقم غیر ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیش کردہ بجٹ کا خسارہ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، تھری جی، فور جی لائسنزکی فروخت و نیلامی سے حاصل شدہ آمدنی اور حکومت پاکستان کی جانب سے گرانٹ ان ایڈکی مدد سے پورا کیا جائے گا۔