وفاقی وزیر محمد اعظم خان سواتی سے مصری سفیر طارق محمد حسین دہروگ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، ریلوے کے مختلف شعبوں میں تعاون اور ریلوے لائنوں کے لیے موزوں مقامات کے حوالے سے بات چیت

144

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی سے مصر کے سفیر طارق محمد حسین دہروگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے مختلف شعبوں میں تعاون اور ریلوے لائنوں کے لیے موزوں مقامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کی ریلوے کے لیے بہتری کی نوید ثابت ہوگا۔وفد کو پاکستان ریلوے کے موجودہ اقدامات اور منصوبوں کے بارے میں پریزنٹیشن دی گئی۔

مصری سفیر نے پاکستان ریلوے کو ایک مستحکم ادارہ بنانے کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔بعد ازاں وفد نے وفاقی وزیر ریلوے کو دی عرب آرگنائزیشن فار انڈسٹریلائزیشن (AOI) کی تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی نے وفد کو بتایا کہ پاکستان ریل وے اپنے کاروبار کے تمام شعبوں میں تعاون کا ارادہ رکھتا ہے اور ادارے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔وفد کے ارکان میں عرب تنظیم برائے صنعت کاری برائے ترقی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے مشیر احمد حامد مرسی،

عرب تنظیم برائے صنعت کاری برائے تکنیکی امور کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے مشیر عبدالمحسن عبدالصادق عبدالسلام، ہاسکو گلوبل کنسلٹنگ کے صدر ڈاکٹر ہانی کمال شاہین، انفرا ون کمپنی کے صدر ڈاکٹر محمود محمد السید السعید جمال الدین، سیماف مینوفیکچرنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے مشیر عبد اللہ عبدالحافظ حسن حمودہ اور چیئرمین کے مشیر بورڈ آف ڈائریکٹرز برائے سیماف مارکیٹنگ ڈاکٹر نینس خلیل محمد محمد احمد شامل تھے۔ہ وفد آئندہ ہفتے پاکستان ریلوے کی ورکشاپس، ڈویژنوں اور ذیلی دفاتر کا دورہ کرے گا جس سے وفد کے ارکان پاکستان ریلوے کی ورکنگ کے بارے میں آگاہ ہو سکیں گے۔