اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اعلی سطحی اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری نجکاری کے علاوہ بورڈ ارکان اور وزارت کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی ہے۔
وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان اسٹیل ملز، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، جناح کنونشن سنٹر، ایس ایم ای بینک اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، ایس ایم ای بینک اور سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور نجکاری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
ان اداروں کی نجکاری کے حوالے سے مروجہ طریقہ کار کی وفاقی کابینہ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔نجکاری بورڈ نے رواں سال جنوری میں ہونے والی میٹنگ کے منٹس کی بھی منظوری دی ، اس حوالہ سے گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر و چئیرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن محمد میاں سومرو نے نجکاری بورڈ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ نجکاری بورڈ تمام ٹرانزیکشنز کو مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے مستعدی سے کام اور فیصلے کر رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نجکاری نے مزید کہا کہ پرائیویٹائزیشن پروگرام کا مقصد غربت کے خاتمے اور بیرونی قرضوں کی واپسی کیلئے ریونیو کا حصول ہے۔