
اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے ملک بھر میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔وفاقی وزیر نے یہ بات سی پیک فریم ورک اور پی ایس ڈی پی کے تحت انفراسٹرکچر منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، سیکرٹری کمیونی کیشن شعیب احمد صدیقی، ڈی جی این ایل سی میجر جنرل عاصم اقبال، انجینئر ان چیف آف پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل،چیئرمین این ایچ اے جواد رفیق ملک، رکن انفراسٹرکچر ملک احمد خان اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی12ویں پانچ سالہ منصوبہ کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے اور موثر منصوبہ بندی کے تحت انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے ترجیحات سیٹ کرنا ضروری ہے۔