وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت گردوارہ کرتارپور کوریڈور کی تعمیر سے متعلق اجلاس

107

اسلام آباد ۔ 14 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت نے نوجوت سنگھ سدھو کی درخواست پر گزشتہ سال سکھ یاتریوں کے گردوارہ کرتارپور تک رسائی کےلئے کر تارپور راہداری کو کھولنے کا اعلان کیا تھا، حکومت اس راہداری کی مقررہ وقت میں تکمیل کےلئے پرعزم ہے جو مذہبی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سکھ یاتریوں کو گردوارہ کرتارپور تک رسائی فراہم کرے گی، گزشتہ سال 28 نومبر 2018ءکو وزیراعظم نے اس منصوبہ کی بنیاد رکھی تھی اور اس سال نومبر میں اس کوریڈور کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے جمعہ کو گردوارہ کرتارپور کوریڈور کی تعمیر پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، سیکرٹری مذہبی امور، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل انعام حیدر ملک، کمشنر گوجرنوالہ اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔