اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری نے حضورﷺکے یوم ولادت کے موقع پر امت مسلمہ کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کائنات کے ذرہ ذرہ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضورؐکی معرفت عطا کی گئی، حضورؐکی شان میں ناپاک جسارت کرنے والوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ ان کے اس طرزعمل سے ہمارا عشق رسولؐ بڑھتاجائے گا، وزیراعظم عمران خان نے ان گستاخیوں کو روکنے کےلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، سیرت ؐطیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ جمعہ کو’’قومی رحمۃ العالمین کانفرنس‘‘کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کچھ عرصہ قبل ایوان صدرمیں علما کرام اورمشائخ عظام کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا تھا جس میں انہوں نے تین نکات پر زوردیا تھا کہ محراب ومنبر سے ماحولیاتی آلودگی اور اس کے مضر اثرات کے حوالے سے عوام میں شعور بیدارکیا جائے، خواتین کو وراثت میں حصہ دینے اور زچہ وبچہ کی صحت کے حوالے سے علما کرام اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے ایسی کوئی اور نشست نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ قومی رحمۃ العالمین کانفرنس کا رواں سال عنوان’’ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ سیرت طیبہ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے، اسی موضوع پر کتب سیرتؐ اورمقالات سیرتؐ بھی لکھے گئےہیں جن میں سیرتؐ طیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے حوالے سے مواد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ کی ذات اور شخصیت کو اللہ تعالیٰ نے رحمۃ العالمین کے منصب پر مبعوث فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کے ذرے ذرے کو حضورؐ کی معرفت عطا کی گئی ہےنبوت سے قبل آپؐ جب تجارت کےلئے شام کے سفر پر جاتے تو راستے کے پتھر بھی آپؐ پر درود بھیجتے ، آپؐ کا فرمان ہے کہ میں ان پتھروں میں سے ایک ایک کو خوب پہچانتا ہوں۔ انہوں نے علما کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آج سے اگلے جمعہ تک’’ہفتہ عشق رسولؐ ‘‘منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ حضورؐکی شان میں ناپاک جسارت کرنے والے ملعونوں کو یہ پتہ چلے کہ وہ جب بھی ایسی جسارت کریں گے ہمارا عشق رسولؐ اتنا ہی بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی سطح پر ان گستاخیوں کو روکنے کےلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔