وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا چوہدری رحمت علی مرحوم کی سوانح عمری کی تقریب رونمائی سے خطاب

108

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے چوہدری رحمت علی کی سوانح عمری کو ایک بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری رحمت علی مرحوم محسن پاکستان ہیں، ان کا جسد خاکی پاکستان لانے اور اسلام آباد میں ان کے مقبرہ کیلئے جگہ کی فراہمی کیلئے ہم کوشاں ہیں، جنہوں نے پاکستان کی بات کی انہیں دو گز زمین بھی نہ دینا زیادتی ہو گی، اس حوالہ سے خاموشی اختیار نہ کی جائے کیونکہ جو قومیں محسنوں کو فراموش کر دیں وہ مٹ جاتی ہیں۔ بدھ کو تحریک پاکستان کے عظیم رہنما چوہدری رحمت علی مرحوم کی سوانح عمری کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کتاب بہت بڑی کاوش ہے، چوہدری رحمت علی مرحوم کے حوالہ سے تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے کے عزیز مرحوم کی لکھی ہوئی کتاب جو کہ اردو میں ہونے کی وجہ سے عام آدمی کو فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نئی نسل تاریخ سے ناآشنا ہے کیونکہ نظام ہی بدل گیا ہے، ہم آہستہ آہستہ اپنی تاریخ کو بھول رہے ہیں، ہم پہلے مسلمان ہیں اس کے بعد پاکستانی یا کچھ اور ہیں، ہمیں تاریخ اسلام کو بھی پڑھنا چاہئے۔