اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ کشمیر پر پاکستان کی حکومت، عوام اور فوج کا موقف یکساں ہے، کشمیر میں حالیہ بھارتی بربریت پر غور کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جا رہا ہے، کشمیرکے بغیر پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں ہے، وزیراعظم نواز شریف کی کشمیر کے حوالہ سے پالیسی واضح ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام ”کشمیر کا بحران اور انصاف کا مطالبہ“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کیلئے قومی مسئلہ ہے، پاکستان کی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، برہان وانی کی شہادت کے بعد عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اجاگر ہوا، اہل پاکستان اور حکومت پاکستان نے کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی ہے، وزیراعظم نواز شریف نے صحت یاب ہونے کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں اس معاملہ پر بات کی، دفتر خارجہ سے بریفنگ لی، اس مسئلہ پر سیر حاصل بحث اور عالمی سطح پر حمایت کیلئے جلد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جا رہا ہے۔