اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) حج 2016ءکے لئے 329عازمین کو لے کر پہلی حج پرواز مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہو گئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے عازمین حج کو بینظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد سے رخصت کیا۔ عازمین حج کو انہوں نے خصوصی تلقین کی کہ وہ حجاز مقدس میں اللہ کے مہمان اور پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں، سعودی قوانین اور ثقافت کا خیال رکھیں،اللہ کے حضور جہاں اپنے اور اپنے عزیز و اقارب کے لئے دعا کریں گے وہاں خصوصی طور پر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کریں۔ جمعرات کو یہاں بینظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہلی حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہونے والے عازمین کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ لمحہ باعث مسرت ہے کہ آج وہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان کے مہمانوں کو پہلی حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانگی کے لئے الوداع کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14178