اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور سے پیر کو پاکستانی سکھ برادری کے20 رکنی نما ئند ہ وفد نے ملاقات کی ۔وفد کی سربراہی سردار امیر سنگھ، پردھان پاکستان سکھ گرودوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) نے کی ۔ رکن قومی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر ممپال سنگھ ، ننکانہ صاحب اور حسن ابدال سے متعدد سکھ رہنما بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
وزیر مذہبی امور نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سکھوں کے نمائندہ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے ، آج کے دور میں اہل مذاہب اور لا دین طبقہ کے درمیان سخت کشمکش ہے،تمام مذاہب کے ماننے والے یکجا ہو کر اپنے مذاہب کی اچھائیوں کو اجاگر کریں،ننکانہ صاحب کے بغیر سکھ مذہب کی عبادت ادھوری ہے، پاکستان میں سکھ برادری اور ان کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں،
اقلیتوں کے تحفظ کے اعتبار سے مثالی ملک ہے، 1999 میں سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے قیام کے بعد عبادت گاہوں کے انتظام میں مزید بہتری آئی ہے ، ہندوستان کی جانب سے کرتارپور آنے والے زائرین کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔سکھ وفد کی جانب سے پاکستانی سکھ برادری کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر مذہبی امور نے وفد کی پیش کردہ سفارشات پر سنجیدگی سے غور اور عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ۔