اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے جمعہ کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی جس میں پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے اور پابندی والے ممالک سے نکالنے پر بات چیت کی گئی ۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور سعودی ہدایات اور ایس او پیز پر موثر عمل درآمد کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔عمرہ آپریشن بحالی کا مطالبہ جلد از جلد سعودی حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سعودی سفیر نے عندیہ ظاہر کیا کہ توقع ہے کہ عنقریب پاکستانی زائرین سے عمرہ کی پابندی اٹھا لی جائے گی۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں کے مابین پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔