وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری سے سعودی عرب کیلئے نامزد پاکستانی سفیر امین خرم راٹھور اور شام میں تعینات پاکستانی سفیر سعید محمد خان کی ملاقات

81

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے سعودی عرب کیلئے نامزد پاکستانی سفیر امین خرم راٹھور اور شام میں تعینات پاکستانی سفیر سعید محمد خان نے جمعرات کو الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ملاقات میں سعودی عرب اور شام کیلئے زائرین کو سہولیات کی فراہمی ، کورونا ایس او پیز ،آئندہ حج انتظامات ، حج کوٹہ اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر بھی موجود تھے۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کیلئے نامزد پاکستانی سفیر امین خرم راٹھور نے وفاقی وزیر مذہبی امور سے وزارت مذہبی امور دفتر میں ملاقات کی۔ نامزد سفیر سے پاکستانی عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی ، آئندہ حج انتظامات، حج کوٹہ کرونا SOPs پر گفتگو کی گئی۔ وزیر مذہبی امور نے نامزد پاکستانی سفیر کو عمرہ زائرین کیلئے قرنطینہ کی شرائط نرم کروانے اور مدینہ منورہ میں نئے پاکستان ہاوس کی تعمیر کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں شام میں تعینات پاکستانی سفیر سعید محمد خان نے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور سیکرٹری مذہبی امور سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معزز سفیر کو شام کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کیلئے پی آئی اے کے ساتھ بات چیت کی ہدایت کی اور کہا کہ زائرین کی سہولت کیلئے پی آئی اے اور شامی فضائی کمپنی شام ونگ کے مابین کوڈ شیئرنگ کا بندوبست کیا جائے ۔

کوڈ شیئرنگ کے بعد زائرین ایک ہی سفر میں نجف اور دمشق میں حاضری دے سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی زیارت پالیسی کے حوالے سے شام کے ساتھ ایم او یو پر کام تیز تر کیا جائے۔ پاکستانی زائرین کیلئے ملک شام میں بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شام کے پاکستانی سفارتخانے میں قائم زیارت ڈیسک کو مزید فعال کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی طلباء کیلئے شامی اسلامک سکولوں "مجمع ابو النور” اور "معھد الفتح "میں داخلوں کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔