وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزان کستافن کی وفد کے ہمراہ ملاقات ، دو طرفہ تعلقات، مذہبی ،ثقافتی و تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا

84

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزان کستافن نے وفد کے ہمراہ جمعہ کو وزارت مذہبی امور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں قازقستان کے مذہبی و تہذیبی ہم آہنگی سینٹر کے سربراہ بولت سارسن بایوف،ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور سید انوار الحسن بخاری اور جوائنٹ سیکرٹری مذہبی ہم آہنگی ارشد فرید خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مذہبی ،ثقافتی و تجارتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش پر قازقستان کیلئے عنقریب براہ راست پروازیں شروع ہو رہی ہیں ۔ہمارے بیشتر مذہبی مشاہیر وسطی ایشیاء سے آئے تھے۔ثمر قند، بخارہ، خوارزم، ماورائے نہر کے علاقے علم و ہنر کا مرکز رہے ہیں۔

صوفیائے کرام نے اپنے طرز عمل اور عمدہ اخلاق کے ذریعے لوگوں کی اصلاح کی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اور مسلکی ہم آہنگی کے فروغ کا واحد راستہ مکالمہ اور مل بیٹھنا ہے۔پاکستان میں مذہبی اہمیت کی کئی جگہیں موجود ہیں؛ مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ہمارے ملک میں مسیحی، سکھ، ہندو، بہائی اور کیلاش مذہب کے لوگ موجود ہیں۔خطے کی تعمیر وترقی میں دونوں برادر ممالک موثر شراکت دار ہو سکتے ہیں۔

نذر بایوف نے کہا کہ ہم صرف سیاسی طورپر تقسیم ہیں ، مذہب، ثقافت اور تاریخی اعتبار سے ہم ایک ہیں۔قازقستان عنقریب بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ نذر بایوف سربراہ مذہبی ہم آہنگی سینٹر قازقستان نے کہا کہ ہم آہنگی کانفرنس میں 70 ممالک سے 160 مذہبی رہنما شرکت کریں گے۔ انہوں نےوفاقی وزیر مذہبی امور کو کانفرنس میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی ۔

قازقستان کے سفیر نے کہا کہ قازقستان کے لوگ بھی ترک نسل سے ہیں، ہم دونوں ممالک کی نوجوان نسل کے مابین تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایک دوسرے کے تاریخی ڈراموں اور فلموں کے تبادلہ سے نوجوان نسل کو قریب لایا جا سکتا ہے۔