اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات پر تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی خدمات مہیا کی جائیں گی، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو کی جائے گی۔ یہ بات وفاقی وزیر نے اقلیتی برادریوں ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے ایک وفد کے ساتھ اجلاس میں کہی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور میاں مشتاق احمد، جوائنٹ سیکرٹری بین المذاہب ہم آہنگی طاہر احسان، سیکرٹری متروکہ املاک بورڈ طارق وزیر، اقلیتی برادری کے اراکین اسمبلی اور وزارت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ اور پاکستان کی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالہ سے کافی کام کرنا چاہتے ہیں، پاکستان بھر میں مختلف مذہبی مقامات کی حفاظت، ان کی تعمیرنو، مقامی غیر مسلم آبادی اور دیگر زائرین کو سماجی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو کے ذریعے اس ادارے کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ بورڈ کی آمدن سے تعلیم اور صحت جیسے فلاحی کام کئے جائیں گے، اس کام کیلئے تمام مذاہب کے عوامی نمائندوں اور مذہبی قائدین سے باقاعدہ مشاورتی عمل کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اقلیتی برادری کے قائدین نے مشاورتی اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی بحالی، تعمیر نو اورسماجی خدمات کی کوششوں میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔