اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالك حسین سے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی برائے آزادی مذہب و عقائد فرانس وین ڈیل نے بدھ کو وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان ، دہشت گردی، فرقہ واریت کے خاتمے، ، قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالك حسین نے یورپی یونین كے خصوصی ایلچی برائے آزادی مذہب و عقائد کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے عدم برداشت کے رحجان میں کمی لانے اور پرامن مشترکہ مستقبل کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالك حسین نے كہا كہ پاكستان اقلیتوں كے حقوق كے تحفظ كیلئے پرعزم ہے،
بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی بنا کر حتمی منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوائی ہے، مذہبی رواداری كے فروغ كے لیے تمام مذاہب اور مسالك كے 700 سے زائد علماء نے پیغام پاكستان پر دستخط كیے، مذہب كی آڑ میں كسی كو قانون ہاتھ میں لینے كی اجازت نہیں۔
ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی كے فروغ كیلئے پاكستان اور یورپی یونین ممالك كے درمیان مل كر كام كرنے كے عزم كا اعادہ كیا گیا۔ وفد میں یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا بھی شامل تھیں۔