اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے ملک کی نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ اپنے کام میں مشغول رہنے کے ساتھ ساتھ اپنے رب کو یاد رکھیں‘ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا بہترین انداز اللہ کی مخلوق پر رحم کرنا ہے۔ منگل کو یہاں شاہ رکن عالم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسان جب اللہ کا ذکر کرتا ہے تو پھر ایک وقت اس پر یہ بھی آتا ہے کہ لوگ اس کا تذکرہ کرتے ہیں اور وہ مذکور ہو جاتا ہے۔ صوفی ازم سے انسانیت کی خدمت کا درس ملتا ہے کیونکہ اللہ کو راضی کرنے کا بہترین طریقہ اللہ کی مخلوق پر رحم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباءسے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے کام میں ضرور مشغول رہیں مگر ساتھ اپنے رب کو یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفی انسانی حقوق سے بڑھ کر مخلوق خدا کی بات کرتے ہیں۔