اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امووبین المذاہب ہم آہنگی پیر محمدنور الحق قادری نے کہا ہے کہ ہم تحمل برداشت رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہی معاشرے میں امن پیدا کر سکتے ہیں، دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کےلئے پرامن ملک ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کے ذریعے قیام امن کی کوشش جاری رکھنی چاہئے، ریاست مدینہ ہماری پارٹی کا صرف سیاسی نعرہ نہیں بلکہ نیا پاکستان زیادہ محفوظ اور مساوات پر مشتمل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں وزارت کے زیر اہتمام دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد نور الحق قادری نے کہا کہ دعا کرتا ہوں کہ دیوالی کا دن پوری دنیا کےلئے امن و راحت کا باعث بنے، انسانیت دنیا کا سب سے بڑا رشتہ ہے جس کے ذریعہ ہمیں محبت بانٹنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کی نمائندگی ایک چھت تلے موجود ہے ہمارے درمیان موجود مذہب و دین کے نام انتشار پھیلانے والوں کو صفوں سے نکالنا ہوگا ہندو سکھ عیسائی ہر غیر مسلم کے لیے پاکستان کو سب سے زیادہ محفوظ ملک بنائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=121186