اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی و اقلیتی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ نیا پاکستان پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پر مکمل عملدرآمد سے بنے گا، یہ ایسا پاکستان ہو گا جس کا تصور علامہ اقبال نے دیا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے عملی جامہ پہنایا، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمارے مشعل راہ اور زاد راہ ہے، وزیرا عظم کی ہدایت پر آئندہ سال سیرت کی کتابوں کے مقابلے کا موضوع ”ریاست مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“ رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں جناح کنونشن سنٹرمیں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع ”ختم نبوت اور مسلمانوں کی ذمہ داریاں تعلیمات نبوی کی روشنی میں“ رکھا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کی اس بابرکت کانفرنس میں شرکت ایک سعادت ہے، حضور کا ذکر تاقیامت جاری ہے گا جب سب چیزیں ختم ہوجائیں گی تو میرا رب میرے حبیب پر درود وسلام بھیجتارہے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام ہر سال اس کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ رواں سال وزیر اعظم کی ہدایت پر سعودی عرب، ایران، افغانستان، لبنان، شام، ایران ، عراق اور دیگر ممالک سمیت بھارت سے اجمیر شریف کے سجادہ نشین کو بھی دعوت دی گئی اور انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس کا مقصد حضرت محمدﷺ کے ساتھ اپنی محبت اور وارفتگی کااظہار ہے، اسی اظہار کےلئے ہرسال سیرت کی کتابوں کا مقابلہ رکھا جاتاہے۔ رواں سال 53 کتابوں اور مقالہ جات کو انعامات اور ایوارڈز کےلئے منتخب کیاگیاہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر آئندہ سال سیرت کی کتابوںکا موضوع ریاست مدینہ اور فلاحی ریاست کاتصور رکھا گیا ہے۔