وفاقی وزیر مراد سعید کا پاکستان پوسٹ اور نادرا کے درمیان معاہدہ کے بعد تقریب سے خطاب

146

اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ نادرا کے تقریباً 15 ہزارالیکٹرانک سہولت مراکز میں فرنچائز ڈاکخانہ جات کے افتتاح کے بعد پاکستان پوسٹ 27 ہزار ڈاکخانہ جات کے وسیع نیٹ ورک کا حامل سب سے بڑا قومی ادارہ بن جائے گاِ، آئندہ ہفتہ سے پوری دنیا میں ایکسپورٹ پارسل کی سروس کا آغاز کر رہے ہیں جس کے تحت 72 گھنٹے میں ترسیل کی ضمانت محکمہ ڈاک فراہم کرے گا، اپنی خدمات کا دائرہ کار بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ معاشی ثمرات سمیٹنے کے سفر پر رواں دواں ہے، دسمبر2019ءتک محکمے کا نہ صرف خسارہ ختم ہو گا بلکہ ایک منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پوسٹل سٹاف کالج میں پاکستان پوسٹ اور نادرا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات اور پوسٹل سروسز نے کہا کہ ”پاکستان پوسٹ آپ کا دوست“ اب صرف نعرہ نہیں رہا یہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے‘ نادرا کے ساتھ طے پانے والے اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان پوسٹ کو نادرا کے تقریباً 15 ہزار ای۔سہولت مراکز میں فرنچائز پوسٹ آفیسز کھولنے کا موقع میسر آئے گا جس سے پاکستان پوسٹ کا موجودہ نیٹ ورک 13 ہزار سے بڑھ کر 27 ہزار تک پہنچ جائے گا۔ وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ترقی کے سفر پر گامزن رہے گا اور اب یہ قومی ادارہ ایک عظیم قومی اثاثہ بن کے رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جو مینڈیٹ عوام نے دیا ان کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم وطن عزیز کے اداروں کی عزت و وقار بڑھانے اور ان کو صحیح معنوں میں عوام دوست ادارے بنانے کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے یہ ادارہ اپنی افادیت کھو چکا تھا جس کی وجہ سے اس کا مالی خسارہ روز بروز بڑھ رہا تھا لیکن اب ایسا نہیں رہا اوراب یہ ادارہ عوامی خدمت سے سرشار جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک منافع بخش قومی ادارہ بن رہا ہے۔انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں دو ماہ میں 212 فیصد ریکارڈ ہوا ہے جو پاکستان پوسٹ کے ریونیو جنریشن کی گزشتہ سال کے مقابلہ میں بلند ترین شرح ہے۔ سباق وزراءکا فیول اور انٹرٹینمنٹ کا خرچ 16لاکھ اور گاڑیاں اور ریسٹ ہاﺅس علاوہ تھے لیکن جب سے میں نے چارج سنبھالا ایک روپیہ محکمہ کا خرچ نہیں کرایا اور تمام ترقیاتی کام بھی محکمہ کے اپنے وسائل سے کر رہے ہیں۔ مراد سعید نے اس نئے معاہدے پر نادرا کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نادرا کے چیئرمین نے وفاقی وزیر مواصلات اور پوسٹل سروسز کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے قومی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا اور اس معاہدے کی وجہ سے دونوں اداروں کو اپنی مالی حالت مزید بہتر کرنے کے مواقع بھی میسر آجائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان نے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی پاکستان پوسٹ کے لئے شبانہ روز کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعیدکی رہنمائی میں اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے معاشی خودکفالت کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے اور اس حوالے سے پاکستان پوسٹ اپنے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لاکر اس ادارے کو وطن عزیز کا ایک فعال ‘ توانا اور منافع بخش ادارہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔