اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک کی قیادت میں جنگلی حیات کے تحفظ اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتی ہے، اس عزم کا عملی مظاہرہ اس وقت سامنے آیا جب ایک 7 سالہ ایشیائی سیاہ ریچھ ”راکی” کی کامیاب بازیابی اور بحالی کو یقینی بنایا گیا۔ منگل کو وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راکی کی المناک کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب ایک وائرل ویڈیو میں اس کی ابتر حالت دکھائی گئی۔
ساہیوال میں زبردستی کرائی گئی 35 کتوں کی لڑائیوں کے بعد راکی شدید زخمی ہوگیا تھا اور اس کا جبڑا ٹوٹنے کے باعث وہ کھانے سے بھی قاصر تھا۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور فور پاز انٹرنیشنل کی مشترکہ کاوشوں سے اسے بازیاب کرایا گیا۔ راکی کی حالت کا علم ہوتے ہی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی درخواست پر آئی ڈبلیو ایم بی اور فور پاز انٹرنیشنل نے راکی کو بحفاظت بے ہوش کرکے آئی ڈبلیو ایم بی ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کیا جہاں اس کے زخموں کی مرہم پٹی، نیوٹرنگ اور مائیکروچپنگ کے ذریعے شناخت کا بندوبست کیا گیا جس کے بعد راکی کو منگل کے روز کامیابی سے اس کے نئے احاطے میں منتقل کردیا گیا، جو اس کی آزادی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک نے تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے آئی ڈبلیو ایم بی کی کوششوں کو سراہا اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک نے کہا کہ راکی کی بازیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پاکستان کی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں، ہم آئی ڈبلیو ایم بی کی انتھک محنت کو سراہتے ہیں اور قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ وزارت جنگلی حیات کے قوانین کو مضبوط بنانے اور ایشیائی سیاہ ریچھ جیسے نایاب جانوروں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ اور سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں جنگلی حیات کے تحفظ اور بحالی کے مشن پر قائم ہیں تاکہ تمام انواع کے لیے ایک ظلم سے پاک اور پائیدار مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576161