اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور نے بدھ کو لکی مروت کے علاقہ عمائدین جرگہ کے ہمراہ وزیر پٹرولیم مصدق ملک سے ملاقات کی جس میں جمیعت علمائے اسلام کے زیر انتظام بٹنی اور مروت قبائل کے جرگہ مشران، سیاسی و مذہبی زعماء شریک ہوئے مفتی عبدالشکور نے علاقے کو قدرتی وسائل میں تمام حقوق، تعلیم ، صحت ، ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ مشترکہ جرگہ نے لکی مروت کے تمام گائوں دیہات کو ترجیحی بنیادوں پر قدرتی گیس کی فراہمی پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ قدرتی گیس کے ڈی ہائیڈریشن پلانٹ کے پانچ مربع کلومیٹر میں ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے۔علاقے کی عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار ، قدرتی وسائل کی فراہمی کے منصوبے شروع کیے جائیں۔
علاقے میں دو ایس ایم ایس فراہم کیے گئے ہیں مزید ایک ایس ایم ایس کی تنصیب کا مطالبہ کرتے ہیں۔ قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ گیس کے کنویں ولی ون کا نام تبدیل کر کے بٹنی ون رکھا جائے۔ وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ لکی مروت کے دیہات کو قانون کے مطابق قدرتی گیس کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔قانون کے مطابق قدرتی وسائل پر پہلا حق اس علاقے اور صوبے کا بنتا ہے۔
وزارت پٹرولیم لکی مروت کے علاقے میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔بٹنی اور لکی مروت قبائل جرگہ کے تمام تر مطالبات پر فوری غور خوص کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔ او جی ڈی سی ایل کے سوشل ویلفیئر فنڈ کے ذریعہ علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔متعلقہ حکام کے ہمراہ عنقریب لکی مروت کا دورہ کروں گا۔