
اسلام آباد ۔ 6 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قومی معیشت کی ترقی کیلئے مقامی صنعتوں کو سازگار اور دوستانہ ماحول مہیا کرنے کیلئے مو¿ثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ ترقی کریں اور اپنی صلاحیت بڑھا سکیں۔ انہوں نے یہ بات کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے نائب صدر شاہد رفیق کی سربراہی میں جمعرات کو ملاقات کی۔ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت کو مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی صنعتوں کو سازگار ماحول اور لیول پلئینگ فیلڈ فراہم کرکے ان کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ وہ ملک کی ترقی میں اہم شراکت دار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی صنعت زراعت کے بعد ملازمت کے مواقع پیدا کرنے میں ملک کا سب سے بڑا شعبہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی صنعت پی ٹی آئی حکومت کے کم آمدنی والے طبقے کیلئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے وژن کو نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔