
اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبوں کو جائز خالص ہائیڈل منافع دینے کے لئے پر عزم ہے۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں خالص ہائیڈل منافع کے معاملے پر غور کرنے کے لئے سی سی آئی کی جانب سے قائم کی گئی مین کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی، پاور ڈویژن، منصوبہ بندی، آبی وسائل اور آئی پی سی وزارتوں کے سیکرٹریز، ممبر توانائی اور متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں تکنیکی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا جو سیکرٹری پاور ڈویژن کی صدارت میں خالص منافع/ریٹ کے معاملے پر غور کرنے کے لئے تشکیل دی گئی تھی۔ اجلاس میں اس معاملے پر تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کے نقط نظر پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے امید کا اظہار کیا کہ خالص ہائیڈل منافع کے تعین کے حوالے سے تمام معاملات حل کر لئے جائیں گے۔ آئین کے آرٹیکل (2) 161 کے تحت خالص ہائیڈل منافع اس صوبہ کو ادا کیا جاتا ہے جہاں پر ہائیڈل پاور اسٹیشن واقع ہوتا ہے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر مزید غور کرنے کے لئے ایک ہفتہ بعد پھر اجلاس بلایا جائے گا۔