وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کا برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کا دورہ، "اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت نجی شعبے کی شمولیت کو متحرک کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال

120

لندن۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہولگر روتھن بش (منیجنگ ڈائریکٹر و ہیڈ آف انفراسٹرکچر اینڈ کلائمیٹ)، سعد الاسلام (انویسٹمنٹ ڈائریکٹر، انفراسٹرکچر ایکویٹی) اور حبیب یوسف (ریجنل ڈائریکٹر، سائوتھ ایشیا) نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے "اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت نجی شعبے کی شمولیت کو متحرک کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی استحکام سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ میں برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے سٹریٹجک کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے موثر استعمال پر زور دیا جو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک کلیدی پلیٹ فارم ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بی آئی آئی کی قیادت کو "اڑان پاکستان” کے فائیو ایز فریم ورک کے بارے میں آگاہ کیا جوایکسپورٹس (برآمدات کا فروغ)،ای-پاکستان (ڈیجیٹل معیشت کا قیام)،انوائرنمنٹ (ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنا، خوراک و پانی کے تحفظ کو یقینی بنانا)،انرجی (توانائی کے نقصانات کا خاتمہ اور کلین انرجی کی طرف منتقلی) ایتھکس، ایکویٹی اور ایمپاورمنٹ (اخلاقیات، مساوات اور عوام کو بااختیار بنانا) پر مشتمل ہے ۔انہوں نے پاکستان کی نوجوان اور متحرک افرادی قوت کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی عالمی اجرتوں کے پیش نظر پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام بن سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "اڑان پاکستان” کے ایجنڈے میں سٹرکچرل اصلاحات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے تاکہ فائیو ایز فریم ورک کو موثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ توانائی کی قیمتوں میں اصلاحات، سپلائی چین کی بہتری اور ٹیکس نظام میں اصلاحات جیسے اقدامات پہلے ہی پاکستان کی معاشی بحالی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک نئی رفتار کے ساتھ فیز 2.0 میں داخل ہو چکی ہے جو ملکی و بین الاقوامی کاروباری اداروں کے لیے بے شمار مواقع فراہم کر رہی ہے۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے درمیان سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا تاکہ پاکستان کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل کے طور پر مستحکم کیا جا سکے۔