اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت پہلے خصوصی اقتصادی زون کاسنگ بنیادآئندہ ماہ کے اختتام پررکھاجائیگا، پہلے مرحلے کے تحت سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ایک ایک خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جارہا ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوںنے کہاکہ حکومت آئندہ ماہ کے اختتام تک چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پہلے خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ایک ایک خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جارہا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت صنعتوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے رواں مالی سال کے دوران دو مزید خصوصی اقتصادی زونز کھولنے کے عز م کا اظہار کیا۔