وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ملاقات

58

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کی زراعت کے لئے بڑا چیلنج ہے ، مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان میں قحط، سیلاب اور انفراسٹرکچر کی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر ، اربن فلڈنگ اور زراعت کے شعبہ کو موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے سے پیدا ہونے والی تباہی سے محفوظ رکھنے کے کئے حفاظتی اقدامات لے رہے ہیں ، اس وقت پاکستان میں مضبوط انفراسٹرکچر اور زراعت میں موافقت پیدا کرنا اہم چیلنج ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی معاونت اور پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی پر موقف کی حمایت پر مشکور ہیں ، عالمی برادری کو آگے بڑھ کرپاکستان سے تعاون کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار انفراسٹرکچر کے باعث ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہ سکتا ہے ۔ سیلابی صورتحال پر قابو پانے اور سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف ورک کی موثرنگرانی پر انگر اینڈرسن نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کے فعال کردار کو سراہا۔