وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی کویت کے وزیر خزانہ سے ملاقات ، پاکستان اور کویت کا توانائی، تجارت کے شعبوں میں اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

231

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):پاکستان اور کویت نے اہم شعبوں بالخصوص توانائی اور تجارت کے شعبے میں اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق منگل کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور کویت کے وزیر خزانہ عبدالوہاب الرشید کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ایک ملاقات کے دوران ہوا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال متحدہ عرب امارات کے دورے پر ایک عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ،وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور انہوں نے مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جس میں تجارت اور سرمایہ کاری بالخصوص توانائی کے شعبے میں شامل ہیں۔ فریقین نے پاکستانی مصنوعات کے ساتھ ساتھ لیبر فورس کے لئے کویتی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں کویت کے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا جبکہ گزشتہ دہائی کے دوران توانائی کے شعبے میں پاکستان کی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس کو وزیر خزانہ نے سراہا۔ملاقات میں کویت کے وزیر خزانہ عبدالوہاب الرشید نے کویت کی ترقی میں پاکستانی لیبر فورس کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات کو بھی سراہا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی بہت گنجائش ہے اور ان خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے فالو اپ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ پاک کویت تعلقات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے دونوں ممالک مزید تعاون جاری رکھیں گے۔