لاہور۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کا دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترجمان کے مطابق دورے کے دوران احسن اقبال نے یو ای ٹی اور اس کے سب کیمپسز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، یونیورسٹی کے ہاسٹلز، تدریسی عمارات اور دیگر انفراسٹرکچر پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد نئے منصوبوں کی منظوری بھی دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یو ای ٹی کو پاکستان کا سب سے اعلی تحقیقاتی مرکز بنایا جائے گا، جہاں ایکسیلینس سینٹرز اور جدید لیبارٹریز کے ذریعے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کی تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے انجینئرز کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ وفاقی وزیر کی یو ای ٹی آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے، احسن اقبال ہمیشہ ادارے کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال یونیورسٹی کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا تاکہ جاری اور مجوزہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
اس موقع پرکیمپس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہباز، پی آر او ڈاکٹر تنویر قاسم اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سرمد ریاض بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ممبر ایچ ای سی نوید شاہ اور یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد یونس ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
آخر میںوائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعلیمی و تحقیقی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580415