وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی خسرو بختیار کا افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے کمیٹی کے اجلاس میں اظہارخیال

74
APP106-27 ISLAMABAD: November 27 – Federal Minister for Planning, Development & Reform Makhdoom Khusro Bakhtiyar chairing the 14th meeting of the committee for reconstruction and rehabilitation of Afghanistan. APP

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کے ذریعے افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں میں بامعنی کردار کیلئے پر عزم ہے،افغانستان میں ترقی پاکستان کیلئے ترقی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ علی رضا بھٹہ اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی تعمر نو میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور مختلف سیکٹرز میں منصوبوں پر کام بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام جاری منصوبے بر وقت مکمل کرنے کی غرض سے افغانستان کیساتھ تندہی سے کام کیلئے پر عزم ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان نے 2001میں ’پروگرام برائے افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی‘ریلیف پیکج کا اجرا کر دیا تھا اور اس مقصد کیلئے دس کروڑ ڈالر گرانٹ کا وعدہ کیا تھا جو 2016میں ایک ہزار ملین ڈالر تک بڑھایا گیا۔2002-13 تک افغانستان میں 14منصوبوں پر عملدرآمد کیا گیا۔ ہسپتالوں،ہاسٹلوں کی تعمیر،افغان طالب علموں کو وظائف کی فراہمی طورخم جلال آباد روڈ کی تعمیر کے شعبوں میں 32.45ارب روپے کی لاگت 15منصوبے مکمل کئے گئے۔