اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے غیر قانونی تسلط کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر دہائیوں سے جاری ظلم و جبر ناقابلِ برداشت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور پاکستان ہمیشہ ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو سلب کیا ہے، ہم کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ خطے میں امن و سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔