اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک کا 81 واں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں 14ویں جے سی سی اجلاس کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ تمام مشترکہ ورکنگ گروپس اپنی میٹنگز جلد از جلد مکمل کریں ،تمام وزارتیں آئندہ ہفتے تک اپنے ایجنڈے کو حتمی تشکیل دیں۔
سی پیک فیز 2 کا ہدف پاکستان کو علاقائی تجارت، جدید ٹیکنالوجی اور روابط کا مرکز بنانا ہے،بین الوزارتی ہم آہنگی اور چین کے ساتھ موثر مشاورت کو حکومتی ترجیح قرار دیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کے لئے ترقی، صنعتی تعاون، جدید زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور آئی ٹی جیسے اہم شعبوں میں نئے مواقع فراہم کرے گا جو معیشت کی مضبوطی، روزگار میں اضافہ اور برآمدات کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔